دورۂ زمبابوے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

زبیراحمد نے 'سپورٹس' میں ‏اگست 6, 2013 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. زبیراحمد

    زبیراحمد -: ماہر :-

    شمولیت:
    ‏اپریل 29, 2009
    پیغامات:
    3,446
    زمبابوے کےدورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مصباح الحق ٹیسٹ اور ون ڈے جب کہ محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر معین خان کو اس دورے کے لیے ٹیم کا منیجر مقرر کردیا گیا ہے۔


    ٹیم کا انتخاب چیف سلیکٹر کے بغیر کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے تین ارکان سلیم جعفر، اظہرخان اور فرخ زمان نے کیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے معین خان کو چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا لیکن عدالت نے انھیں کام کرنے سےروک دیا تھا۔

    غیرتسلی بخش کارکردگی کے سبب اوپنر ناصر جمشید ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کر دیے گئے ہیں۔

    اس سال ڈومیسٹک کرکٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے واپڈا اور ملتان کے بلے باز صہیب مقصود پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں منتخب کیے گئے ہیں۔

    اوپنر خرم منظور، وکٹ کیپر عدنان اکمل اور انور علی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

    ناصر جمشید نے جنوبی افریقہ کےخلاف دو ٹیسٹ میچوں میں صرف 51 رنز بنائے تھے، چیمپئنز ٹرافی کے تین میچوں میں وہ صرف ایک نصف سنچری بناسکے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں میں ان کی صرف ایک نصف سنچری شامل تھی۔

    صہیب مقصود نے اس سال فرسٹ کلاس سیزن میں تین سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1,020 رنز بنائے ہیں۔

    انھوں نے پریزیڈنٹ کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 427 رنز جبکہ فیصل بینک ایک روزہ کپ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 475 رنز بنائے۔

    سلیکٹرز نے بالنگ کے شعبے میں فاسٹ بالر انور علی کو ایک اور موقع فراہم کیا ہے لیکن انھیں اعزاز چیمہ کی اس سیزن میں 89 فرسٹ کلاس وکٹیں نظر نہیں آئیں۔

    اسی طرح سیزن میں سب سےزیادہ 93 وکٹیں حاصل کرنے والے ذوالفقار بابر کو ایک بار پھر صرف ٹی ٹوئنٹی تک محدود کرتے ہوئے عبدالرحمٰن کو فوقیت دی گئی ہے جو گذشتہ تین دوروں میں کوئی بھی میچ کھیلے بغیر ٹیم میں شامل رہے ہیں۔

    پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: مصباح الحق (کپتان)، عمران فرحت، محمد حفیظ، خرم منظور، اسد شفیق، اظہر علی، یونس خان، عدنان اکمل، فیصل اقبال، سعید اجمل، عبدالرحمٰن، جنید خان، وہاب ریاض، احسان عادل اور راحت علی۔

    ون ڈے ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہیں: مصباح الحق( کپتان)، ناصرجمشید، احمد شہزاد، محمد حفیظ، عمراکمل، اسد شفیق، عمرامین، حارث سہیل، شاہد آفریدی، سعید اجمل، جنید خان، محمد عرفان، اسد علی، انور علی اور عبدالرحمٰن۔

    ٹی ٹوئنٹی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: محمد حفیظ (کپتان)، ناصر جمشید، احمد شہزاد، عمرامین، عمراکمل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، سعید اجمل، سہیل تنویر، محمد عرفان، جنید خان، ذوالفقار بابر، اسد علی، انور علی اور حارث سہیل۔

    زمبابوے کے دورے میں پاکستانی ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

    دو ٹی ٹوئنٹی میچز 23 اور 24 اگست کو ہرارے میں کھیلے جائیں گے۔

    تینوں ون ڈے میچ بھی ہرارے میں 27، 29 اور 31 اگست کو کھیلے جائیں گے۔

    پہلا ٹیسٹ میچ 3 ستمبر سے ہرارے میں کھیلا جائے گا جبکہ 10 ستمبر سے کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی بولاواویو کرے گا۔


    ‮کھیل‬ - ‭BBC Urdu‬ - ‮دورۂ زمبابوے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان‬
     
Loading...

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں