ابھی تک ہم نہیں بولے

عائشہ نے 'کلامِ سُخن وَر' میں ‏فروری 9, 2016 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. عائشہ

    عائشہ ركن مجلس علماء

    شمولیت:
    ‏مارچ 30, 2009
    پیغامات:
    24,479
    ابھی تو آپ ہیں اور آپ کا زورِ خطابت ہے

    بہت الفاظ ہیں نادر بہت بے ساختہ جملے

    ابھی تو لب کشائی آپ کی اپنی گواہی ہے

    ابھی تو آپ ہیں ظل الہی آپ ہی کی بادشاہی ہے

    ابھی تو علم وحکمت لفظ و گوہر آپ ہی کے ہیں

    ابھی سب فیصلے سب مہر و محضر آپ ہی کے ہیں

    ابھی سب زر،جواہر مال و دولت آپ ہی کے ہیں

    ابھی سب شہرت و اسباب شہرت آپ ہی کے ہیں

    ابھی کیا ہے ابھی تو آپ کا جبروت لہجے میں آیا ہو گا

    ابھی تو آپ ہی کے نطق و لب سے آپ کا قصہ بیاں ہو گا

    ابھی تو محترم بس آپ ہیں خود اپنی نظروں میں

    معظم، محتشم القاب ہیں خود اپنی نظروں میں

    ابھی تو گونجتے اونچے سروں میں آپ ہی ہیں نغمہ خواں اپنے

    سبھی لطف و کرم اپنے مکان و لامکاں اپنے

    ابھی تو آپ ہی کہتے ہیں کتنا خوب کہتے ہیں

    جو دل میں آئے کہتے ہیں جو ہو مطلوب کہتے ہیں

    مگر جب آپ کی سیرت پہ ساری گفتگو ہو لے

    تو یہ بھی یاد رکھیے گا ابھی تک ہم نہیں بولے

    شاعر: پیرزادہ قاسم
     
    • پسندیدہ پسندیدہ x 2
Loading...

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں