زن مرید نہیں لیکن مثالی شوہر

عطاءالرحمن منگلوری نے 'مثالی معاشرہ' میں ‏جولائی 17, 2022 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. عطاءالرحمن منگلوری

    عطاءالرحمن منگلوری -: ماہر :-

    شمولیت:
    ‏اپریل 9, 2012
    پیغامات:
    1,490
    اردو سراۓ سے نقل شدہ ایک خوبصورت تحرير

    شکیل انجم ایڈووکیٹ اپنی منگیتر سے کہنے لگے کہ سنو شادی سے پہلے یہ بتانا فرض عین سمجھتا ہوں کہ تم مجھ سے رن مریدی کی توقع کبھی نہیں کرنا، میں صبح سو کر اٹھوں تو کپڑے استری کیے
    تیار ملنے چاہئیں، ناشتے میں انڈا پراٹھا پابندی سے ڈائننگ ٹیبل پر ہونا چاہیے، جوتے روزانہ پالش کیے ہی پہنتا ہوں، شام آفس سے آؤں تو میرا کوٹ
    اپنے ہاتھوں سے اتارنا پھر میرے جوتے اتارکر مجھے لیمو پانی پلانا ہوگا، مجھے تازہ روٹی کھانے کی عادت ہے، کھانے میں مرچ کم کھاتا ہوں اور ہاں
    روزانہ سونے سے پہلے تمہیں سرسوں کے تیل سے میرے سر کی مالش بھی کرنی ہوگی، اگر تمہیں یہ سب قبول ہے تو میں شادی کے لئے تیار ہوں؛..
    بیگم نے اپنے پتی شکیل انجم صاحب کا طویل لیکچر بڑے غور سے سنا اور دوپٹہ سر پر لیکر سر نیچے کیے شرماتے ہوئے "قبول ہے، قبول ہے"
    کہہ کر اپنی رضامندی کا اظہار کردیا.
    شکیل انجم خوش ، ایک ماہ بعد شادی ہوئی، تین ماہ بعد بیگم صاحبہ کا ہاتھ کام میں لگایا گیا تو شکیل میاں اپنے مطالبات پورا ہونے کے خواب دیکھتے سوگئے.
    صبح اٹھ کر واش روم سے فریش ہوکر آئے تو دیکھا کہ کپڑے تو استری کیے رکھے ہیں لیکن پینٹ کا دایاں پائنچہ جل کر استری کی نذر ہوچکا ہے.
    بیگم یہ کیا کردیا تم نے تین ہزار کی پینٹ جلادی؛..
    بیگم جو کچن میں آٹا گوندھ رہی تھی، دوڑی ہوئی آئی اور معصومیت سے کہنے لگی.
    سرتاج کیا کرتی، دودھ چولہے پر چڑھا تھا، دودھ بچانے گئی اسے تو بچالیا پر پینٹ دودھ پر قربان ہوگئی، آپ فکر نہ کریں میں دوسری پینٹ استری کردیتی ہوں ؛..
    شکیل انجم بےبسی سے اپنی تین ہزار کی پینٹ کو دیکھتے رہ گئے، خاموشی سے دوسری پینٹ نکال کر خود استری کرنے لگے، بیگم کی کچن سے آواز آئی.
    سرتاج استری اسٹینڈ پر میرا سوٹ بھی پڑا ہے آپ وہ بھی استری کرکے مجھ غریب کی دعائیں لےلیجیے، میں اتنے میں آپ کے لیے پراٹھے تیار کرتی ہوں؛..
    شکیل انجم جھنجھلائے تو بہت لیکن درگزر سے کام لیتے ہوئے بیگم صاحبہ کی دعائیں لینے لگے، تیار ہوکر ڈائننگ ٹیبل پر آئے تو ٹیبل پر رکھے عجوبے کو دیکھ کر
    حیرت سے پھدکنے لگے.
    بیگم میں پاکستانی پراٹھا انڈا کھاتا ہوں افریقی نہیں؛..
    بیگم سہم کر بولی.
    سرتاج دراصل آپ کا خوف میری رگ رگ میں سمایا ہوا تھا تو وہ خوف اس انڈے پراٹھے میں بھی منتقل ہوگیا، پلیز اس باندی کو معاف کردیجیے؛..
    وکیل بابو کے اندر کا مرد یہ سن کر خوش ہوگیا کہ چلو میری بیوی مجھ سے ڈرتی تو ہے نا، انڈا پراٹھے کا کیا ہے چلو میں ہی بنالیتا ہوں،
    چلو کوئی بات نہیں آئندہ دھیان رکھنا؛..
    یہ کہہ کر وکیل بابو خود کچن میں جاکر آٹا گوندھنے لگے بیگم ہاتھ دھوکر سامنے ادب سے کھڑی ہوگئی.
    سنیے عالیجاہ، مجھ کنیز کے لیے بھی بنادیجیے، آپ کی یہ کنیز احسان مند رہے گی؛..
    وکیل بابو اپنے آپ کو مغل اعظم تصور کرتے ہوئے اپنے اور بیگم کے لیے پراٹھے بنانے لگے، ناشتہ کرکے فارغ ہوئے تو جوتے نکالیں تو پھر چیخ نکل گئی.
    بیگم کم از کم پالش تو صحیح کردیتیں، براؤن شوز پر بلیک پالش کرکے جوتے پہننے لائق نہیں چھوڑے؛..
    یہ کہہ کر بیگم کی طرف دیکھا تو اس کی ٹانگیں خوف سے کپکپارہی تھیں، وکیل بابو کی مردانہ انا کو سکون مل گیا پھر خود جوتے پالش کرکے پہنے
    اور آفس چلے گئے، آفس سے گھر آئے اور لاؤنج میں کھڑے بیگم کو آواز دی.
    بیگم میں آگیا ہوں، کوٹ اتارو؛..
    بیگم جو آٹا گوندھ رہی تھی دوڑی دوڑی آئی اور کوٹ اپنے ہاتھوں سے اتار دیا، وکیل بابو پہلے تو مسکرائے پھر جب کوٹ دیکھا تو چلائے.
    بیگم کچھ تو عقل سے کام لیا کرو بغیر ہاتھ دھوئے کوٹ اتارکر آٹا کوٹ میں چپکادیا؛..
    سرتاج مجھ کم عقل کی اتنی عقل کہاں، اب آپ ہیں نا مجھے عقل سکھانے والے، پلیز معافی دیدیں؛..
    بیگم صاحبہ کو یوں ہاتھ جوڑے دیکھ کرشکیل بابو کی مردانہ انا کو پھر سے تسکین ملی اور تنبیہ کرکے فریش ہونے چلے گئے، پندرہ منٹ بعد آواز لگائی.
    بیگم لیمو پانی لاؤ؛..
    سرتاج بھول ہوگئی ابھی لائی؛..
    بیگم جو آلو گوشت کا سالن بنارہی تھی یہ کہہ کر ہڑبڑاتی ہوئی فریج کی طرف دوڑی اور لیمو پانی بڑے ادب سے وکیل بابو کو پکڑادیا.
    یہ لیمو پانی میں پکوان کہاں سے آگیا؟..
    وکےل بابو نے یہ کہہ کر اپنی بیگم کے ہاتھوں کو دیکھا تو سمجھ گئے کہ یہ پکوان لیمو پانی میں کیسے آیا، مزید ڈانٹے کا ارادہ ہی کیا تھا کہ
    بیگم کی کپکپاہٹ دیکھ ان کے سینے میں ٹھنڈ پڑگئی ساتھ غصہ بھی ٹھنڈا ہوگیا، خود جاکر لیمو پانی بنانے لگے،
    بیگم پیچھے کھڑی بولی.
    میرے حضور آپ کا غصہ دیکھ کر مجھ کمزور کنیز کا دل بھی نہیں برداشت کرسکا، اس کی رفتار سلو ہورہی ہے پلیز ایک گلاس اپنی کنیز کے لیے بھی بنادیں؛..
    وکیل بابو کی مردانہ عزت نفس آسمان کی بلندی پر پہنچ گئی، دو گلاس لیمو پانی بنایا ایک خود اور دوسرا بیگم کو پلایا. رات آٹھ بجے کھانے کے لیے
    ڈائننگ ٹیبل پر آئے تو بیگم نے ان کے سامنے گرما گرم روٹی سالن رکھ دیا، وکیل بابو روٹی سالن دیکھ کر کرسی چھوڑ کر چھ فٹ پیچھے ہٹ گئے.
    بیگم یہ روٹی ہے یا کشمیر کا نقشہ آدھا کچا آدھا پکا، اور یہ
    آلو گوشت کا سالن دیکھ کر کھانے کا نہیں بلکہ اس میں تیرنے کا دل کررہا ہے؛..
    وکیل بابو کی دھاڑ سن کر بیگم خوف سے کپکپانے لگی اور غش کھاکر وہیں کرسی پر لم لیٹ ہوگئی، وکیل بابو کا سارا غصہ یہ دیکھ کر ٹھنڈا ہوگیا
    اور ان کے اندر کا مرد خوشی سے لنگی ڈانس کرنے لگا، پھر انہوں نے بیگم کو پانی کے چھینٹے مارکر ہوش دلایا اور کچن میں جاکر انڈا آملیٹ اور گول روٹی
    بنانے لگے اور ساتھ ساتھ بیگم کو گول روٹی بنانے کے آداب بھی سکھانے لگے، ایک گھنٹے بعد بیگم روٹی کھاتے اپنے سگھڑ سرتاج کے قصیدے پڑھنے لگی؛
    جسے سن کر وکیل بابو مزید چوڑے ہوگئے، دو گھنٹے بعد رات کمرے میں جاکر بیڈ پر آلتی پالتی مارکر بیٹھ گئے.
    بیگم میرے سر کی مالش کردو؛..
    بیگم فوراً سرسوں کے تیل کی شیشی لے آئی اور آدھی شیشی سر پر انڈیل دی، وکیل بابو کے چہرے پر کڑوا تیل بہتا ہوا آیا تو چلائے.
    بیییییییگمممم، میں نے مالش کرانی ہے کڑوے تیل سے نہانا نہیں، جلدی سے ہاتھوں سے سر رگڑو؛..
    جو حکم میرے آقا؛؛
    کہہ کر بیگم پولے پولے ہاتھ سے مالش کرنے لگی.وکیل بابو نے اس کے ہاتھ ہٹائے اور خود کسی ماہر مالشیے کی مانند اپنی مالش کرنے لگے.
    سرتاج آپ تو ہرفن مولا ہیں، میں بہت نصیب والی ہوں جو آپ جیسا ہنرمند شوہر ملا، پلیز مجھے بھی یہ ہنر سکھادیجیے؛..
    وکیل بابو کی مردانگی جھوم اٹھی اور پھر بیگم نے عظمی کے سر کی اتنی مہارت سے مالش کی کہ بیگم مالش کراتے کراتے وہیں نیند کی وادیوں میں چلی گئی. وکیل بابو اپنے ہنر کا اتنا بہترین رزلٹ دیکھ کر وہیں بیڈ پر دھمال ڈالنے لگے.
    بس جناب وکیل بابو شکیل انجم کی شادی کو 30 سال ہوچکے ان کی مردانہ انا کو یونہی روزانہ پابندی کے ساتھ تسکین ملتی آرہی ہے،
    اور بیگم صاحبہ ان کی باندی بنی ایڑا بنی پیڑا کھارہی ہے. ماشاءاللہ سے اب ان کے بچے بھی جوان ہیں، اور مزید ماشاءاللہ یہ کہ بچے سنبھالنے میں بھی خوب مہارت رکھتے ہیں -
    واقعی شوہر ہو تو وکیل بابو جیسا ہو۔۔۔۔! کیا خیال ھے

    ✍️آصف ✍️
     
    • پسندیدہ پسندیدہ x 1
    • ظریفانہ ظریفانہ x 1
Loading...

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں